نئی دہلی، 24 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پی ایم نریندر مودی نے ’من کی بات‘ پروگرام میں اشاروں میں ایک بار پھر اقتدار میں واپسی کرنے کا یقین ظاہر کیا ہے۔’من کی بات‘کے 53 ویں ایڈیشن میں انہوں نے کہا کہ اب مئی مہینے کے آخری ہفتے میں انتخابات کے بعد بات ہوگی۔پی ایم مودی نے براہ راست طور پر کہا کہ مارچ، اپریل اور مئی کے جذبات کا تب ہی اظہار کروں گا،تب تک کے لئے من کی بات کا یہ آخری پروگرام تھا اور انتخابات کے بعد یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا۔اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے پلوامہ حملے میں شہید سی آر پی ایف جوانوں کو خراج عقیدت کے ساتھ خطاب کی شروعات کی۔انہوں نے کہاکہ ہماری سیکورٹی فورسز ہمیشہ قدرت اور منفرد جرات کا مظاہرہ کرتے ہیں۔انہوں نے امن کاقیام بھی کیا ہے اور حملہ آوروں کو ان کی ہی زبان میں جواب بھی دیا ہے۔فوج نے دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کے مکمل خاتمہ کی قرارداد لے لیا ہے۔
پی ایم مودی نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کے جذبات نے ملک کو زور دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھاگلپور کے رتن ٹھاکر کے والد نے جو کہا ہے، وہ ملک کوہمت دیتا ہے۔اڑیسہ کے جگدل پور کے شہید کی بیوی کی جرات کو ملک سلام کر رہا ہے۔وجے سوریگ کی لاش جب گملا پہنچی تو معصوم بیٹے نے کہا کہ میں بھی فوج میں جاؤں گا،ایسے ہی شہیدوں کے تمام گھروں میں دیکھنے کو مل رہاہے،شہیدوں کے ہر خاندان کی کہانی ترغیب سے بھری ہوئی ہے،میں لوگوں سے کہنا چاہوں گا کہ ان خاندانوں کے جذبات سے سمجھیں کہ حب وطن اور یہ احساس کیا ہوتا ہے۔
پی ایم مودی نے کہا کہ آزادی سے اتنی دیر تک ہمیں جس جنگ یادگار کا انتظار تھا، وہ اب ختم ہونے جا رہا ہے،کل ہم اسے ملک کو وقف کریں گے،دہلی کے دل یعنی وہ جگہ جہاں انڈیا گیٹ اور امر جوان جیوتی موجود ہے، اس کے ٹھیک سامنے اسے بنایا گیا ہے۔قومی فوجی یادگاری آزادی کے بعد ملک کے لئے سب سے زیادہ قربانی دینے والوں کے لئے اعزاز کی علامت ہے۔